60دن میں شکا یات کو نمٹانا یقینی بنایا جا ئے ،وفا قی محتسب
ادارے میں آنیوالے شکایات کنندگان کو ہرممکن سہولت دیں ،اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (نامہ نگار ) وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے ہدایت کی ہے کہ ادارے میں آنے والے شکایات کنندگان کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے اور اگر کوئی شکایت کسی دوسرے وفاقی یا صوبائی محتسب سے متعلق ہو تو درخواست گزار کو واپس بھیجنے کے بجائے اس کی شکایت وصول کر کے متعلقہ فورم کو بھجوا دی جائے ۔ انہوں نے یہ ہدایات ادارے کے ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں تمام شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی جبکہ علاقائی دفاتر کے افسران آن لائن شریک ہوئے ۔وفاقی محتسب نے کہا کہ شکایات کو 60دن کی مقررہ مدت میں نمٹانے کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ شکایت کنندگان کو ان کے گھروں کے قریب انصاف کی فراہمی کے لیے او سی آر پروگرام اور کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا جبکہ اس حوالے سے مزید اقدامات بھی جلد کیے جائیں گے ۔نوید کامران بلوچ نے کہا کہ فریقین کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کے پروگرام آئی آر ڈی کو مزید وسعت دی جا رہی ہے ۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال 31مارچ تک 62 ہزار 734شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ وفاقی محتسب نے کہا کہ ادارے کے بارے میں آگاہی مہم کو مزید موثر اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔