بیوٹیفکیشن منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے ،کمشنر راولپنڈی
معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ،اجلاس سے خطا ب ، جاری منصوبوں بارے بریفنگ
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے راولپنڈی ڈویژن میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرتے ہوئے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ اجلاس میں ڈویژن بھر میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 17بیوٹیفکیشن سکیمز پر کام جاری ہے ۔ ضلع اٹک میں 2سکیمز، ضلع چکوال میں 2 سکیمز، ضلع جہلم میں 4سکیمز، ضلع مری میں 4 سکیمز جبکہ ضلع راولپنڈی میں 5سکیمز پر کام جاری ہے ۔ چکوال میں چھپڑ بازار اور مین تلہ گنگ بازار کی بیوٹیفکیشن 70 فیصد مکمل ہو چکی ہے ۔ جہلم شہر کے مین بازار کی اپ گریڈیشن پر 22 فیصد کام مکمل ہوا ہے جبکہ مری میں باڑیاں بازار کی بیوٹیفکیشن 76 فیصد تک مکمل ہو چکی ہے ۔ راولپنڈی میں راجہ بازار بیوٹیفکیشن منصوبہ 68فیصد، کمرشل مارکیٹ 67 فیصد اور کے آر ایل روڈ 82 فیصد مکمل ہو چکے ہیں۔