ایم 6موٹر وے کیلئے معاہدہ ایک سنگ میل ،وزیر مواصلات
مسنگ لنک کی تکمیل سے پاکستان کا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک جدید خطوط پر استوار ہو جائے گا
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم نے کراچی کو سکھر سے ملانے والی ایم 6 موٹروے کی تعمیر کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے درمیان سٹرٹیجک معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا ہے ۔ قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس منصوبے کو پاکستان کی مستقبل کی ترقی کا اہم راستہ اور اقتصادی خوشحالی کی جانب ایک فیصلہ کن قدم قرار دیا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے اس منصوبے کا کامیابی سے آغاز کر دیا ہے جو گزشتہ 30 سال سے زائد عرصے سے تعطل کا شکار تھا، اور محض دو سال کی بھرپور کوششوں سے یہ اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے ۔ ایم 6 موٹروے ملک کے کراچی سے سکھر کوریڈور کا \\\"مسنگ لنک\\\" ہے ، جس کی تکمیل پائیدار قومی ترقی کے لیے انتہائی ناگزیر ہے ۔ موٹروے پاکستان کے اہم ترین بنیادی ڈھانچے میں سے ایک ہے ، جسے ملکی تجارت اور لاجسٹکس کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہوگی۔ مسنگ لنک کی تکمیل سے پاکستان کا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک جدید خطوط پر استوار ہو جائے گا، جس کے ذریعے کراچی پورٹ سے آنے والی ٹریفک ایک مسلسل موٹروے سسٹم کے ذریعے پشاور اور گلگت تک باآسانی سفر کر سکے گی۔