راولپنڈی،سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں، 19 ملزمان گرفتار
ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث 3 گینگز کے 4 ملزمان پکڑے گئے منشیات کیخلاف کارروائیوں میں 3 ملزمان گرفتار ،ساڑھے چار کلو سے زائد چرس برآمد
راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی پولیس نے سماج دشمن عناصر، منشیات فروشوں، چوروں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 19ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات، شراب، اسلحہ، نقدی اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث 3 گینگز کے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ چھینے گئے 2 موٹر سائیکل، 67 ہزار روپے نقدی، بیٹری، یو پی ایس اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ نصیر آباد پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث دو رکنی گینگ کو گرفتار کر کے چھینا گیا موٹر سائیکل، 22 ہزار روپے اور اسلحہ برآمد کیا جبکہ کلر سیداں پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹر سائیکل، 15 ہزار روپے ، بیٹری اور یو پی ایس برآمد کیا۔ گنجمنڈی پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم سے 30ہزار روپے مسروقہ رقم برآمد کی۔ منشیات کے خلاف کارروائیوں میں گوجرخان، چکلالہ اور سول لائنز پولیس نے 3ملزمان کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر ساڑھے چار کلو سے زائد چرس برآمد کی۔اسی طرح مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے 12 افراد کو گرفتار کر کے 32 لیٹر شراب اور ناجائز اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ کارروائیاں سول لائنز، چکلالہ، گنجمنڈی، چکری، واہ کینٹ، وارث خان اور ٹیکسلا کے علاقوں میں کی گئیں۔