ایٹمی دھماکوں سے پاکستان ناقابل تسخیر قوت بنا ،حنیف عباسی
راولپنڈی میں ایک ہزار بیڈ کا چلڈرن ہسپتال بن رہا ،ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنا دیا
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ریلوے کے وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے جس ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی ڈاکٹر قدیر نے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا اور نواز شریف نے ہر طرح کا دباؤ اور آفرز ٹھکرا کر ایٹمی تجربات کے ذریعے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنادیا ،آج پاکستان ایک مضبوط اور بہادر فوج کی حامل بڑی ایٹمی قوت ہے آج پوری دنیا پاکستان کی جنگی صلاحیت اور امن کی کوششوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنی رہائشگاہ پر منعقدہ تقریب کے دوران کیا اس موقع پر پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی خوشی میں 28 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا تقریب میں طاہرہ اورنگزیب، راحت مسعود قدوسی سمیت مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے مسلم لیگ ن میں بڑی دراڑیں ڈالنے کی کوششیں کی گئی لیکن کوئی کامیاب نہیں ہوا ،راولپنڈی میں ایک ہزار بیڈ کا چلڈرن ہسپتال بن رہا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں عوامی منصوبوں کا جھال بچھایا ہے ،پاکستان ریلوے کو انشاء اللہ ٹھیک کرکے دکھائیں گے پاکستان ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کا بیڑا اٹھایا ہے ۔