راولپنڈی،اسلام آباد،صفائی آپریشن تیسرے روز بھی جاری 14511 ٹن الائشیں تلف

راولپنڈی،اسلام آباد،صفائی آپریشن تیسرے روز بھی جاری 14511 ٹن الائشیں تلف

اسلام آباد میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد جانور قربان ،صفائی آپریشن میں 2000سے زائد عملہ،200جدید گاڑیوں ، مشینری نے حصہ لیا راولپنڈی میں 3روز میں 12000ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں ،موصول ہونیوالی تمام 1500شکایات کا فوری ازالہ

اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی رپورٹر،نیوز رپورٹر ) عید الاضحی کے پہلے دو روز میں اسلام آباد شہر میں کل 2511.032 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں۔ مجموعی طور پر اسلام آباد میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد چھوٹے اور بڑے جانور قربان کئے گئے ۔ عید الاضحی کے پہلے روز 65,000 سے زائد چھوٹے اور 44,000 سے زائد بڑے جانور قربان جبکہ 1807.868 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں۔ اسی طرح عید کے دوسرے روز 23,000 سے زائد چھوٹے اور 17,000سے زائد بڑے جانور قربان جبکہ 703.164 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں۔ صفائی آپریشن کی نگرانی سی ڈی اے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور آئی سی ٹی انتظامیہ کے افسران نے خود فیلڈ میں موجود رہ کرکی۔ آپریشن کی نگرانی کیلئے مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سیف سٹی میں قائم کیا گیا۔صفائی و ستھرائی کے آپریشن میں 2000 سے زائد عملہ اور 200 سے زائد جدید گاڑیاں و مشینری نے حصہ لیا جبکہ آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 89 مقامات پر 151 گڑھے کھودے گئے ۔ اسی طرح ماحول کو صاف رکھنے اور بدبو کے خاتمے کیلئے عرق گلاب، فنائل، پانی اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر عید الاضحی کے تیسرے روز بھی صفائی آپریشن جاری رہا۔ ادھر ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے عیدالاضحی 2026 کے 3دنوں میں ضلع راولپنڈی میں 12000ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگا دیں،موصول ہونیوالی تمام 1500شکایات کا فوری ازالہ کردیا گیا،عید سے ایک رات قبل شروع ہونیوالا یہ گرینڈ صفائی آپریشن مسلسل چار دن جاری رہنے کے بعد کامیابی سے پایہ تکمیل کو پہنچا،آلائشیں اٹھانے کے بعد تمام عارضی ٹرانسفر سٹیشنز کو ختم کرکے عرق گلاب سے دھویا گیا اور اس کے بعد جراثیم اور تعفن کے خاتمے کیلئے بھاری مقدار میں چونے کا چھڑکاؤ کر دیا،اسی طرح ڈمپ سٹیشن پر کھودے گئے گڑھوں کو مٹی سے بھرنے کے بعد بھاری مقدار میں چونا چھڑک دیا گیا، ایم ڈی ایس پی اے راولپنڈی رانا ساجد نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرکے ورکرز سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مٹھائی بھی پیش کی ،کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران مؤثر مانیٹرنگ، فوری رسپانس اور جدید ویسٹ مینجمنٹ حکمت عملی کے ذریعے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا گیا ۔عید صفائی آپریشن میں 6340 سے زائد ورکرز اور 1066 گاڑیاں و مشینری فیلڈ میں موجود رہیں، تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں