اسلام آباد ،شاہراہوں کی خوبصورتی ،بحالی کیلئے 1441 ملین جاری
اسلام آباد ،شاہراہوں کی خوبصورتی ،بحالی کیلئے 1441 ملین جاری سری نگر ،اسلام آباد ہائی ویز ،فیض آباد سے سرینا چوک ،ڈی چوک تا ایف الیون روڈز شامل
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت کی مختلف شاہراہوں کی خوبصورتی، ہارٹیکلچر کی بہتری اور بحالی کے لیے کل 1 ارب 44 کروڑ 10 لاکھ روپے (1441 ملین روپے ) کے چار منصوبوں کی منظوری دی ہے ، دستاویزات کے مطابق ان منصوبوں کے تحت سری نگر ہائی وے پر کنونشن سینٹر سے این-5 تک ہارٹیکلچر کی بہتری اور بحالی کا کام کیا جائے گا جس کا تخمینہ 31 کروڑ 60 لاکھ (316 ملین) روپے لگایا گیا ہے ۔ دوسرے منصوبے کے تحت فیصل مسجد سے ٹی چوک تک اسلام آباد ہائی وے کی خوبصورتی اور بحالی کے منصوبے پر 68 کروڑ 70 لاکھ (687 ملین) روپے کی منظوری دی گئی ہے ، جناح ایونیو پر ڈی چوک سے ایف الیون مرکز تک ہارٹیکلچر کی بہتری کے لیے 24 کروڑ 60 لاکھ (246ملین) روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مری روڈ پر فیض آباد سے سرینا چوک تک بحالی اور خوبصورتی کے منصوبے پر 19 کروڑ 20 لاکھ (192 ملین) روپے لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے ۔