پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،1300 کلو مضر صحت گوشت تلف
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،1300 کلو مضر صحت گوشت تلف موٹروے انٹرچینج کے قریب دو بولان گاڑیوں سے گوشت پکڑا گیا ،دو ملزم بھی گرفتار
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار ) پنجاب فوڈ اتھار ٹی راولپنڈی نے ناقص اور مضرِ صحت گوشت کی سپلائی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے موٹروے انٹرچینج کے قریب دو بولان گاڑیوں سے 1300 کلوگرام مضرِ صحت گوشت برآمد کر لیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے گاڑیاں اپنی تحویل میں لے لیں۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع ملنے پر عمل میں لائی گئی۔ گاڑیوں میں مضرِ صحت گوشت چھپا کر راولپنڈی شہر منتقل کیا جا رہا تھا۔ موقع پر موجود ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کا معائنہ کرنے کے بعد اسے انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا، جس کے بعد فوڈ سیفٹی قوانین کے مطابق تمام گوشت تلف کر دیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گوشت ضلع جھنگ سے راولپنڈی سپلائی کیا جا رہا تھا۔ ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں دو الگ الگ مقدمات درج کروا دیے گئے ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔