بلوچستان میں صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن
ڈاکٹر ماہ نور پر حملے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں ،مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے ) پاکستان کے وائس چیئرمین ڈاکٹر یاسر اچکزئی، ترجمان ڈاکٹر فیض اچکزئی، چیئرمین وائی ڈی اے بلوچستان ڈاکٹر بہار شاہ اور دیگر رہنماؤں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان میں لیڈی ڈاکٹر ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر دورانِ ڈیوٹی تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف عدالتی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ وائی ڈی اے پنجاب کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور پر حملہ صرف ایک فرد پر نہیں بلکہ پورے شعبہ صحت اور بلوچستان کے نوجوانوں پر حملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوان پہلے ہی احساسِ محرومی کا شکار ہیں جبکہ ڈاکٹرز کو بھی مسلسل عدم تحفظ، پولیس کارروائیوں اور انتظامی نااہلی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ، سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات، ادویات، ٹیسٹ اور ماہر ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے ، جبکہ ڈاکٹرز ہر روز جان کے خطرات کے باوجود خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر بہار شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر حملہ سکیورٹی کی سنگین ناکامی کا نتیجہ ہے۔