موسمیاتی تبدیلی ،بے روزگاری سے ملکر نمٹنا ہوگا ،خالد مگسی

موسمیاتی تبدیلی ،بے روزگاری سے ملکر نمٹنا ہوگا ،خالد مگسی

ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اجلاس ، تعاون کے فروغ پر زور

اسلام آباد(دنیا رپورٹ )وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے اسلام آباد میں ای سی او سائنس فاؤنڈیشن (ECOSF) کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چھٹے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر برائے سائنس، تحقیق و ٹیکنالوجی حسین سیمائی صراف، وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ، ای سی او کے سیکرٹری جنرل سفیر اسد مجید ، ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر سید کمال طیبی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام محمد میمن، سینئر سرکاری حکام اور ای سی او کے رکن ممالک کے ممتاز مندوبین نے بذریعہ بالمشافہ اور آن لائن شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے اسلام آباد میں موجود معزز مندوبین اور آن لائن شریک ہونے والے شرک کا  کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چھٹے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے ۔ انہوں نے ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کو سائنسی تحقیق، جدت، علم کے تبادلے اور استعداد کار میں اضافے کے لیے ایک مؤثر علاقائی پلیٹ فارم کے طور پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اجلاس ای سی او کے رکن ممالک کے اس مشترکہ عزم کا مظہر ہے کہ وہ علاقائی سائنسی تعاون کو مزید مستحکم کرتے ہوئے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کو پائیدار ترقی اور اقتصادی خوشحالی کے بنیادی ستون بنائیں گے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ای سی او خطہ نوجوان آبادی، قدرتی وسائل، مضبوط علمی روایات اور تیزی سے فروغ پاتی تکنیکی صلاحیتوں کے باعث بے پناہ امکانات کا حامل ہے ۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، پانی اور غذائی تحفظ، توانائی کی منتقلی، صحتِ عامہ، ڈیجیٹل عدم مساوات اور نوجوانوں میں بے روزگاری جیسے مشترکہ چیلنجز ایسے مسائل ہیں جن سے نمٹنے کے لیے انفرادی قومی کوششوں کے بجائے مشترکہ علاقائی تعاون ناگزیر ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...