ترقی کیلئے علم ،تحقیق اور جدت ضروری ہے،وزیر قانون
تعلیم اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کرنیوالی قومیں ہی کامیاب ہوتی ہیں
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جو قومیں تعلیم، سائنسی تحقیق اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کرتی ہیں، مستقبل کی قیادت بھی وہی کرتی ہیں۔ مسلم دنیا کو ترقی، خود انحصاری اور پائیدار مستقبل کیلئے علم، تحقیق اور جدت پر مبنی مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہار پاکستان میں او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ بین الاسلامی فورم برائے تعلیم، سائنسی تحقیق اور جدت سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فورم میں کینیا کے منڈیرا کاؤنٹی کے گورنر محمد عدن خلیف، ملائیشیا کے سینیٹر توان جزیری الکاف، کامسٹیک کے اعزازی مشیر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود، بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ر) عابد حمید ، مختلف ممالک کے سفیروں، وائس چانسلرز، سائنسدانوں، محققین اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت مسلم دنیا کی سماجی و معاشی ترقی کی بنیاد ہیں۔ کامسٹیک اسکالرشپس، فیلوشپس، تحقیقی اشتراک، استعداد کار بڑھانے کے پروگراموں اور کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلینس کے ذریعے او آئی سی رکن ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments