اساتذہ کی غیرتدریسی ڈیوٹیاں ، کئی ڈینگی سرویلنس فوکل پرسنزتعینات
آفیسرز کو اپنی حدود میں روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانیکی ہدایت ایجوکیشن اتھار ٹی تعاون نہ کرنیوالے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروا ئی کریگی
راولپنڈی (خاور نواز راجہ) اساتذہ کی غیرتدریسی ڈیوٹیاں بدستور جاری، ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی نے انسدادِ ڈینگی پنجاب مہم 2026-27 کے تحت سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد، نگرانی اور سرویلنس کے لیے فوکل پرسنز اور ڈینگی ہاٹ سپاٹ سرویلنس سٹاف تعینات کر دیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ضلع، راولپنڈی و چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ، پوٹھوہار ٹاؤن، راول ٹاؤن، ٹیکسلا، کہوٹہ، گوجر خان اور کلر سیداں کے لیے فوکل پرسنز مقرر کیے گئے ہیں۔ متعلقہ افسران کو اپنی حدود میں ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد، نگرانی اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ فوکل پرسنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرویلنس سٹاف کی حاضری روزانہ صبح 8 بجے اور دوپہر 2بجے یقینی بنائی جائے جبکہ روزانہ ڈینگی سرویلنس رپورٹ دوپہر 3بجے سے قبل چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھجوائی جائے ۔ تعاون نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو نوٹس جاری کرنے اور لاروا ملنے کی صورت میں محکمہ صحت سے رابطے سمیت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ڈینگی سرویلنس سٹاف کیلئے روزانہ 30سے 40سرگرمیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ سرویلنس ٹیمیں سرکاری و نجی سکولوں میں صفائی، پانی کی ٹینکیوں، چھتوں، گراؤنڈز، کلاس رومز، واش رومز اور دیگر ممکنہ ڈینگی افزائش گاہوں کا معائنہ کریں گی۔ احکامات کی خلاف ورزی، غلط معلومات، غیرحاضری، ناقص کارکردگی یا جعلی سرگرمیوں کی صورت میں متعلقہ افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا ئیگی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments