او آئی سی کامسٹیک اور الیکسو کے مابین تعلیمی فروغ کا معاہدہ

 او آئی سی کامسٹیک اور الیکسو کے مابین تعلیمی فروغ کا معاہدہ

ڈاکٹر اقبال اور الیکسو کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد بن اعمر نے معاہدے پر دستخط کئے

اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (او آئی سی۔کامسٹیک) اور عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی و سائنسی تنظیم (الیکسو) نے عرب اور اسلامی دنیا کے درمیان سائنسی، تکنیکی اور تعلیمی تعاون کے فروغ کیلئے 2027- 2028ء مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کردیئے ۔پروگرام پر او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر اقبال اور الیکسو کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد بن اعمر نے اسلام آباد میں منعقدہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران دستخط کیے ۔وفاقی وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر تقریب کی مہمانِ خصوصی تھیں۔ تقریب میں ائر ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، اردن، یمن، شام، لیبیا اور تیونس کے سفراء جبکہ قازقستان، روس اور قطر کے سفارت خانوں کے نمائندوں سمیت وائس چانسلرز، سائنس دانوں، ماہرینِ تعلیم اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔دو سالہ ایگزیکٹو پروگرام کے تحت ادارہ جاتی روابط، ماہرین کے تبادلے ، مشترکہ سائنسی سرگرمیوں، تکنیکی تعاون اور شراکت دار اداروں و مالی وسائل کو متحرک کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ۔پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ باقاعدہ اجلاسوں، سالانہ پیش رفت رپورٹ اور حتمی جائزے کے ذریعے لیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وجیہہ قمر نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی معاشی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کیلئے ناگزیر ہوچکی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...