قومی امتحانی معیار اشاریہ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس ،اہم فیصلے
بین الاقوامی معیار کے مطابق امتحانی معیارات متعارف کرانے کے مجوزہ فریم ورک کا جائزہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن نے قومی امتحانی معیار اشاریہ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ۔اجلاس کی صدارت ڈاکٹر غلام علی ملاح، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، آئی بی سی سی نے کی۔ اجلاس میں پاکستان کے 27 سرکاری تعلیمی بورڈز میں یکساں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق امتحانی معیارات متعارف کرانے کے مجوزہ فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔ یہ اقدام امتحانی نظام کے معیار، شفافیت، غیر جانب داری اور ساکھ کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کا مظہر ہے ۔سٹیئرنگ کمیٹی نے مجوزہ اشاریوں، کارکردگی کے اہداف اور عمل درآمد کے مراحل پر غور کیا۔ مزید بہتری کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی، جو مجوزہ اشاریوں اور اہداف کو حتمی شکل دینے کے لیے سفارشات مرتب کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔قومی امتحانی معیار اشاریہ کا مقصد ملک بھر میں امتحانی معیار جانچنے کے لیے مو ثر ، یکساں اور قابلِ اعتماد نظام قائم کرنا ہے ۔ اس کے ذریعے امتحانی طریقہ کار میں بہتری، تعلیمی بورڈز کے درمیان معیار اور نتائج کا تقابلی جائزہ، عوامی اعتماد میں اضافہ اور پاکستان کی ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی اسناد کی بین الاقوامی سطح پر قبولیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے پاکستان اور بیرونِ ملک اعلی تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کے لیے بھی مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments