چیئرمین سی ڈی اے کا جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ ،کام کی رفتار تیز کرنیکی ہدایت
نیشنل پولیس اکیڈمی کی اپ گریڈنگ، ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹنگ ، کوہسار ،جناح سپر مارکیٹ، ایف سیون مرکز کی خوبصورتی کے منصوبے شامل متعلقہ افسران منصوبوں میں اعلیٰ معیار، معیاری تعمیراتی کام اور منظور شدہ معیار اور کوالٹی کو یقینی بنایا جائے ،سہیل اشرف کی دوررہ پر گفتگو
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے اسلام آباد میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا، جن میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی اپ گریڈنگ، ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹنگ ، کوہسار مارکیٹ اور جناح سپر مارکیٹ، ایف سیون مرکز کی خوبصورتی، فٹ پاتھ اور پارکنگ ایریاز کو مزید جدید اور کشادہ کر نا شامل ہیں۔ دورے کا مقصد جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار، تازہ ترین پیش رفت اور وفاقی دارالحکومت کے اہم علاقوں کی خوبصورتی، بہتری اور اپ گریڈیشن کے اقدامات کا جائزہ لینا تھا ۔ ممبر بلڈنگ، ڈائریکٹر جنرل انفراسٹرکچر، ڈائریکٹر جنرل ورکس، ڈائریکٹر جنرل ای اینڈ ایم، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ تھے ۔ متعلقہ افسران نے اپنے اپنے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔چیئرمین نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے ، ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، معیاری تعمیراتی کام اور منظور شدہ معیار اور کوالٹی کو یقینی بنایا جائے ۔ اہم ادارہ جاتی سہولیات کی اپ گریڈیشن، ڈپلومیٹک انکلیو کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور اسلام آباد کی مجموعی خوبصورتی میں اضافے کے عزم کا بھی عکاس ہے ۔ اتھارٹی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کیا جائے اور ان میں معیار، پائیداری اور عوامی سہولت کو ترجیح دی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments