کلینیکل ریسرچ کے اداروں کو مضبوط ، ہنرمندوں میں اضافہ ضروری
مسلم ممالک عالمی طبی تحقیق،نئی ادویات و علاج کی تیاری میں زیادہ مؤثر کردار ادا کریں ،ماہرین
اسلام آباد(نامہ نگار) ماہرینِ صحت، سائنس دانوں اور ریگولیٹری اداروں کے نمائندوں نے پاکستان اور او آئی سی ممالک میں کلینیکل ریسرچ کے اداروں کو مضبوط بنانے ، بہتر ضابطہ کاری اور تربیت یافتہ افرادی قوت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مسلم ممالک عالمی طبی تحقیق اور نئی ادویات و علاج کی تیاری میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکیں۔یہ بات او آئی سی کامسٹیک اور الشفا ٹرسٹ کے مشترکہ زیر اہتمام پاکستان اور او آئی سی رکن ممالک میں کلینیکل ریسرچ کی صلاحیت اور جدت کے فروغ کے موضوع پر منعقدہ پری کانفرنس میں کہی گئی۔
کانفرنس میں 150 سے زائد شرکاء نے بالمشافہ جبکہ تقریباً 100 افراد نے آن لائن شرکت کی۔ سینیگال، ملائیشیا اور کینیڈا کے ماہرین نے براہِ راست جبکہ ایران اور ایتھوپیا کے ماہرین نے آن لائن شرکت کی۔ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر اقبال نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی صحت کے شعبے کو بدل رہی ہے ، تاہم اصل چیلنج ان سائنسی کامیابیوں کو بیماریوں کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے مؤثر حل میں تبدیل کرنا ہے ۔ الشفا ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر وسیع شرکت کلینیکل ریسرچ اور صحت کے شعبے میں شراکت داری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاس ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments