تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹیوں کا قیام لازمی قرار
تعلیمی اداروں کو منشیات اور تمباکو کے استعمال سے پاک رکھنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی
راولپنڈی (اے پی پی) محکمہ داخلہ پنجاب کی آگاہی مہم منشیات سے پاک، پرامن پنجاب کے تحت راولپنڈی ڈویژن سمیت صوبے کے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبہ پر مشتمل اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹیوں کا قیام لازمی قرار دے دیا گیا ہے ، جنہیں تعلیمی اداروں کو منشیات اور تمباکو کے استعمال سے پاک رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ان کمیٹیوں کا مقصد تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرنا، طلبہ میں شعور و آگاہی پیدا کرنا اور نوجوانوں کو منشیات کے جسمانی، ذہنی، تعلیمی اور سماجی نقصانات سے روشناس کرانا ہے۔ آگاہی مہم کے ذریعے طلبہ کو منشیات سے دور رہنے ، صحت مند طرز زندگی اپنانے اور تعلیمی ماحول کو محفوظ بنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کے خلاف اس مہم میں اپنا فعال کردار ادا کریں اور اپنے اردگرد منشیات سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی، فروخت یا استعمال کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments