حکومتی نااہلی سے غربت و افلاس اور ڈاکوؤں کا راج قائم ،صدرملی یکجہتی کونسل
کراچی(این این آئی) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہاہے کہ سندھ دھرتی اور اولیائے اللہ کی سرزمین ہے جن کا باب الاسلام سندھ میں دعوت دین اور اصلاح معاشرہ کے لیے بڑا کردار ہے ۔
حکومتی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے آج پرامن و خوشحال سرزمین سندھ میں غربت و افلاس اور ڈاکوؤں کا راج قائم ہے کسی کی جان و مال محفوظ نہیں۔ کراچی تا کشمور سندھ کے عوام اس ظلم کے راج کے خلاف سراپا احتجاج ہیں مگر انتظامیہ سمیت پوری حکومتی مشینری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگاہ منگھو پیر کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے سجادہ نشین عبدالمجید خاصخیلی سے ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی، ان کے بیٹے دانیال خاصخیلی اور مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے ۔اسداللہ بھٹو نے کہاکہ اللہ کے ولیوں نے ہمیشہ امن ومحبت ،بھائی چارے اورانسانیت کی خدمت کا درس دیا۔