حکومت ماہی پروری کے منصوبے جلد مکمل کرنے کیلئے پرعزم
ماہی گیروں کو سہولتیں فراہم کرنا ہمارا فرض ،محمد علی ملکانی،صوبائی وزیر کو پائلٹ منصوبوں پر بریفنگ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت ماہی پروری کے شعبے کی جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ یہ بات صوبائی وزیر لائیوسٹاک و ماہی پروری محمد علی ملکانی نے بدھ کے روز اپنی دفتر میں کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی اور سندھ فشریز میرین و کوسٹل ڈپارٹمنٹ کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ماہی پروری کے کاروبار سے وابستہ ہر فرد کو بیج سمیت وہ تمام سہولتیں فراہم کی جائیں جو سندھ حکومت نے ان کے لیے تجویز کی ہیں یا تیار کی ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیواسٹاک اور فشریز ڈاکٹر قاسم حسین جتوئی، ایم ڈی کراچی فشریز ہاربر زاہد کیمتو، ڈی جی سندھ فشریز میرین و کوسٹل ڈاکٹر عاصم حسین، نیسپاک، ورکس اینڈ سروسز سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر کو پائلٹ پروجیکٹ گاڑھو اور شرم فارم ہاکس بی کے ساتھ کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی کی بحالی اور تجدید ای ڈی پی اسکیم فیز 2 کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر لائیوسٹاک اور فشریز محمد علی ملکانی نے کہا کہ سندھ حکومت کا پیسہ سندھ کی عوام کی امانت ہے اور اسے عوام کی بھلائی پر خرچ ہونا چاہیے تاکہ عوام خصوصاً ماہی پروری کے کاروبار سے وابستہ افراد کی معاشی حالت بہتر سے بہتر ہو سکے۔