حیدر آباد:تاجر رہنما نے ٹراما سینٹر فعال کرنے کا مطالبہ کردیا
شہریوں کے ساتھ قومی شاہراہ پرحادثات کے متاثرین کو بھی بروقت طبی امداد ملے گیٹراما سینٹر کی غیر فعالیت سے سول اسپتال پربوجھ ہے ، صدر چیمبر آف کامرس سلیم میمن
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے صدر سلیم میمن نے شہر میں قائم غیر فعال ٹراما سینٹر کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مرکز شہر کے نہایت اہم اور اسٹرٹیجک مقام پر واقع ہے ، جہاں سے نہ صرف شہری علاقوں بلکہ قومی شاہراہ پر پیش آنے والے حادثات کے متاثرین کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سندھ کا ایک بڑا تجارتی، صنعتی اور ٹرانسپورٹ حب ہے ، جہاں روزانہ قومی شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور مسافر ٹریفک کی بھاری آمدورفت رہتی ہے ۔ ایسے میں ٹریفک حادثات اور ایمرجنسی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کا انحصار فوری اور معیاری ٹراما سہولیات پر ہوتا ہے ، سرکاری فنڈز سے تعمیر ٹراما سینٹر تاحال غیر فعال ہے ۔ صدر چیمبر نے کہا کہ اس ٹراما سینٹر کے غیر فعال ہونے سے تمام ایمرجنسی مریضوں کو سول اسپتال منتقل کیا جاتا ہے ، جو پہلے ہی مریضوں کے شدید دباؤ کا شکار ہے ۔ اس صورتحال میں نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے ، بلکہ کئی مواقع پر بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ صدر چیمبرسلیم میمن نے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت اس نہایت اہم عوامی مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لے گی اور حیدرآباد ٹراما سینٹر کو جلد فعال بنا کر عوام کو سہولت فراہم کریگی۔