جماعت اسلامی کا اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنیکا مطالبہ
شہری مسائل کے حل کیلئے تمام ٹاؤنز کو5ارب کی گرانٹس فراہم کی جائے واٹر کارپوریشن،سالڈ ویسٹ نااہل ادارے ثابت ہوئے ہیں ،منعم ظفر خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیو کراچی ٹاؤن کی مختلف یوسیز کا دورہ کیا اور ٹاؤن کے تحت ہونے والے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔منعم ظفرنے کہاکہ نیو کراچی ٹاؤن کے خوبصورت محلے ، خوبصورت ٹاؤن کے عزم کے تحت تعمیر و ترقی کے پہلے فیز میں 600 گلیوں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا اوراب تک 300 گلیاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ تعمیر و ترقی کے ساتھ بنیادی انفرا اسٹرکچر کو بھی بہتر بنایا جائے ،موجودہ صورتحال میں سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے تمام ٹاؤنز کو کم ازکم 5ارب روپے کی خصوصی گرانٹس فراہم کی جائے اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں، واٹرکارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نااہل ادارے ثابت ہوئے اور ان کی اس نااہلی کی سزا کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے چاہئیں تھے ، مگر سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کیلئے تیار نہیں۔ منعم ظفر نے نشاندہی کی کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا سالانہ بجٹ 47 ارب روپے ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا 43 ارب روپے ، کے ایم سی کا 55 ارب جبکہ صوبائی حکومت کا مجموعی بجٹ 3451 ارب روپے ہے ، اس کے باوجود کراچی کے عوام کے مسائل حل نہیں ہورہے ۔ واٹر اینڈ سیوریج کے نظام کی بہتری کے لیے 12 سالہ منصوبہ بنایا گیا تھا، جس کیلئے 1.6 ارب ڈالر کا بجٹ رکھا گیا۔ یہ منصوبہ 2019 میں شروع ہونا تھا مگر بدقسمتی سے شہر میں کہیں بھی سیوریج کے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آرہے ۔