میرپور خاص:ماہ صیام میں بھی کیمیکل سے دودھ کی تیاری جاری
اہم ڈیری، سویٹ شاپس، ہوٹلوں پر صبح کے اوقات میں سپلائی کیا جاتا ہےشہری مختلف امراض میں مبتلا، نذرانہ لیکر ذمہ داران کارروائی سے گریزاں
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر بھر میں ماہ صیام میں بھی کیمیکل سے دودھ کی تیاری اور صبح کے اوقات میں دیدہ دلیری کے ساتھ سپلائی جاری ہے ، جس سے شہری مختلف امراض میں مبتلا ہونے لگے ۔ ذرائع کے مطابق سوزوکی وین میں نیلے کلر کے کیمیکل والے ڈبوں میں جرواری شاخ سے سپلائی کا عمل شروع کیا جاتا ہے ، جہاں سے سوزوکی گاڑی کے ذریعے مختلف علاقوں میں واقع ڈیری شاپ سویٹ شاپس اور چائے کے ہوٹلوں پر سپلائی کیا جاتا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی مختلف ڈیریوں سویٹ شاپ کے علاوہ چائے کے ہوٹلوں پر کافی مقدار میں کیمیکل ملا دودھ پلاسٹک کے ڈرموں میں لایا جاتا ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دے ہے ، کیمیکل ملا دودھ کھلے عام شہریوں کو فروخت کے ساتھ دہی اور مٹھائی کی دکانوں پر مٹھائی بنانے میں استعمال کیا جارہا ہے۔
ذرائع سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ متعدد دکانوں پر مالکان کیمیکل ملا دودھ خود تیار بھی کررہے ہیں۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا کہ متعلقہ محکموں پر ماہانہ نذرانہ فراہم کیا جاتا ہے ، جبکہ بھان سنگھ آباد میں ایک مکان میں بھی کیمیکل ملا دودھ بڑی مقدار میں تیار ہوکر شہر میں سپلائی کیا جارہا ہے شہری حلقوں نے ضلع انتظامیہ اور فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے ایسے گھناؤنے کام میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ، تاکہ کیمیکل ملے دودھ سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے ساتھ انسانی جانوں کے زیاں کو روکا جاسکے۔