طوفانی ہواؤں، بارش سے گندم کی تیار فصل کوشدید نقصان

طوفانی ہواؤں، بارش سے گندم کی تیار فصل کوشدید نقصان

کاشتکاروں کو بھاری مالی جھٹکا، سونف، اسپغول کی فصلیں بھی متاثر ہوئیںقدرتی آفات سے نقصان کسانوں کیلئے سخت پریشانی کا باعث، کاشتکار تنظیمیں

پنگریو (نامہ نگار)زیریں سندھ میں چار روز قبل آنے والی تیز آندھی کے باعث گندم سمیت دیگر تیار فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، جس سے مقامی کاشتکاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ کاشتکار تنظیموں نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے کسانوں کے لیے فوری خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے ۔ کاشتکاروں کے مطابق پنگریو اور گردونواح میں حالیہ تیز آندھی کے باعث گندم، سونف اور اسپغول کی تیار فصلیں زمین پر گر گئیں جس سے پیداوار میں نمایاں کمی کا خدشہ ہے ۔ کئی علاقوں میں کھڑی فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں جبکہ بعض مقامات پر مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ کسان تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ زرعی معیشت پہلے ہی بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، مہنگے بیج، کھاد اور زرعی ادویات کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔

ایسے میں قدرتی آفات کے باعث ہونے والا نقصان کسانوں کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا سروے کروا کر نقصان کا تخمینہ لگائے اور متاثرہ کاشتکاروں کو مالی امداد فراہم کی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی سرکاری خریداری فوری شروع کی جائے اور گندم کے مناسب نرخ مقرر کیے جائیں تاکہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے ۔ مقامی کاشتکاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت ان کے مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لے گی اور بروقت اقدامات کر کے متاثرہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرے گی تاکہ وہ آئندہ فصلوں کی کاشت جاری رکھ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں