کراچی کو نعروں نہیں،اختیارات کی ضرورت ،الطاف شکور

 کراچی کو نعروں نہیں،اختیارات کی ضرورت ،الطاف شکور

دوکروڑ سے زائد آبادی والے شہر کو صرف بیانات سے نہیں چلایا جا سکتامسائل کا حل مؤثرو بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام میں ہے ،چیئرمین پاسبان

کراچی (سٹی ڈیسک) چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکورنے کہا ہے کہ کراچی کو نعروں نہیں بلکہ اختیارات کی ضرورت ہے ،جب تک اختیارات منتقل نہیں کیے جاتے ، مسائل جوں کے توں رہیں گے ، اگر اختیارات دیے جائیں تو شہر کو ایک بہتر اور قابلِ رہائش مقام بنایا جا سکتا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی مسائل کے حل کیلئے منصوبوں یا وعدوں کی کمی کا شکار نہیں بلکہ اصل مسئلہ اختیارات کا فقدان ہے جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ۔ 2کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کو صرف بیانات کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا، مگر بدقسمتی سے برسوں سے یہی طرزِ حکمرانی جاری ہے جس میں اوپر کی سطح پر اعلانات ہوتے ہیں جبکہ نچلی سطح پر اختیار موجود نہیں ہوتا۔

الطاف شکور نے کہا کہ کراچی پاکستان کی قومی آمدنی میں 60 سے 65 فیصدحصہ ڈالتا ہے لیکن اس کے باوجود شہریوں کو بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں ہیں۔ شہر میں روزانہ ہزاروں ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے مگر صفائی کا مؤثر نظام موجود نہیں، سیوریج کا نظام تباہ حال ہے ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندوں کے پاس اختیارات نہ ہونے کے برابر ہیں، یہی وجہ ہے کہ مسائل حل نہیں ہو رہے ،کراچی کے مسائل کا حل مزید منصوبوں میں نہیں، ایک مؤثر اور بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام میں ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں