سید نہال ہاشمی کو مسیحی کمیونٹی کی مبارکباد
کراچی (این این آئی)کرسچن رائٹس ڈیفنس کونسل (سی آر ڈی سی)کے چیئرمین اور بین المذاہب ہم آہنگی کے علمبردار عادل جارج مٹو نے اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ کے منصب پر سید نہال ہاشمی کی تقرری پر انہیں مسیحی کمیونٹی کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے گورنر سندھ سید نہال ہاشمی مڈل کلاس کا پس منظر رکھنے والے رہنما ہیں، وہ ایمانداری کے ساتھ سیاسی جدوجہد اور عوام سے مسلسل مکالمہ کرتے ہوئے گورنر سندھ کے منصب تک پہنچے ہیں، جو ان کی محنت، لگن اور عوام سے وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ان کی تقرری سے توقع کی جاتی ہے کہ نئے گورنر سندھ شہری علاقوں کے عوام اور اقلیتوں میں پائی جانے والی بے چینیوں اور احساسِ محرومی کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کوفروغ دیں گے ۔