بارش سے کریم آباد انڈر پاس سروس روڈ دھنس گئی

بارش سے کریم آباد انڈر پاس سروس روڈ دھنس گئی

منصوبہ مزید تاخیر کا شکار، لاگت 1.35ارب سے بڑھ کر 3.81ارب ہوگئیشہری و تاجر شدید مشکلات سے دوچار ،اپوزیشن لیڈرکا ناقص تعمیرات پراحتجاج

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)تین سال سے زیر تعمیر کریم آباد انڈر پاس کے ساتھ حال ہی میں تعمیر ہونے والی سروس روڈ افتتاح سے قبل ہی پہلی بارش میں ہی دھنس گئی ۔عید کے بعد بھی انڈرپاس کا افتتاح ہونا ناممکن ہوگیا ۔کریم آباد انڈر پاس کے قریب دھنسنے والی سڑک چند روز قبل تعمیر کی گئی تھی جبکہ مختلف مقامات سے انڈرپاس میں بھی کریک آچکے ہیں۔کریم آباد انڈر پاس اطراف کا روڈ بارش کی وجہ سے بیٹھ گیا ، انڈر پاس کے اوپر راؤنڈ اباؤٹ اور سائیڈ کی سڑکیں بھی تاحال تیار نہیں ہو سکیں جبکہ پانی، سیوریج، گیس اور بجلی کی لائنوں کی وجہ سے یہ منصوبہ سست روی کا شکار ہے ۔ 1.2 کلومیٹراس انڈر پاس کی ابتدائی لاگت 1.35 ارب روپے تھی، جو تاخیر کی وجہ سے دگنی ہو چکی ہے۔

کریم آباد انڈر پاس کی لاگت 1.35ارب کا منصوبہ بڑھ کر 3ارب 81 کروڑ 7لاکھ 47 ہزار روپے تک جا پہنچا ہے ، منصوبہ چار بار نئی تاریخوں کے باوجود مکمل نہ ہو سکا،شہری و تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔انڈر پاس کے اطراف میں موجود رہائشیوں نے بتایا کہ کریم آباد انڈر پاس کے باعث نہ صرف کاروباری افراد قرض دار ہوئے بلکہ بڑی تعداد میں بے روزگار بھی ہوگئے ہیں ۔بلدیہ عظمی سٹی کونسل میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ قبضہ میئر کی حب نہر کے بعد دوسری شاندار پیش کش! کریم آباد انڈر پاس کی سائڈ روڈ حب نہر کی طرح افتتاح سے پہلے ہی بیٹھ گئی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں