عیدالفطر معاشرتی انصاف کا عملی پیغام ہے ،جاوداں فہیم
کراچی (این این آئی)ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے کہا ہے کہ عیدالفطر محض خوشی اور تہوار ہی نہیں بلکہ انسانوں کی فلاح، ہمدردی اور معاشرتی انصاف کا عملی پیغام ہے۔
اسلام نے یہاں واضح پیغام دیا ہے کہ معاشرے کے کمزور اور مستحق افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا ضروری ہے ۔ فطرہ کی ادائیگی اس بات کی علامت ہے کہ اسلام ایک ایسا معاشرہ قائم کرنا چاہتا ہے جو عدل و انصاف، مساوات اور اسلامی اقدار پر قائم ہو۔انہوں نے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں کے ساتھ فلسطینی مسلمانوں کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھا جائے ۔ اﷲ تعالیٰ رمضان المبارک کی عبادات اور دعاؤں کے طفیل دنیا سے باطل کا خاتمہ اور حق کو غالب فرمائے ۔جاوداں فہیم نے خدمتِ خلق کے میدان میں سرگرم الخدمت کے تمام یوسی اور ٹاؤن چیئرمینز اور کونسلرز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔