صوبائی وزیر کا سینٹرل وملیرجیل کا اچانک دورہ
قیدیوں کے لیے کھانے کے معیار، صفائی اور طبی سہولیات کا جائزہعلی حسن زرداری کی جیل انتظامیہ کو صفائی کا نظام مزید بہتر بنانے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جیل خانہ جات اور ورکس اینڈ سروسز کے صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا سینٹرل جیل اور ملیر جیل کا اچانک دورہ، قیدیوں کی سہولیات کا جائزہ جیل خانہ جات اور ورکس اینڈ سروسز کے صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے سینٹرل جیل کا اچانک دورہ کیا اور جیل کے انتظامی امور، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، جن میں بیرکس، کچن، اسپتال، ملاقات گاہ، پانی اور نکاسی کا نظام اور سکیورٹی پوائنٹس شامل تھے ۔اس کے ساتھ ساتھ قیدیوں کے لیے کھانے کے معیار، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے بعض مقامات پر فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیر نے قیدیوں سے براہِ راست ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سنے۔
قیدیوں نے طبی سہولیات، ملاقات کے نظام اور بنیادی ضروریات سے متعلق شکایات پیش کیں، جس پر علی حسن زرداری نے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے انسانی حقوق کا تحفظ حکومتِ سندھ کی ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے ، صحت کی سہولیات میں اضافہ کیا جائے اور سکیورٹی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ جیلیں صرف سزا کی جگہ نہیں بلکہ اصلاح اور بحالی کے مراکز ہونی چاہئیں۔