میرپورخاص :نجی کالج کے طلبہ کا ڈگریاں نہ ملنے کیخلاف مظاہرہ
میرپورخاص (بیورورپورٹ) میرپورخاص کے ایک نجی میڈیکل کالج کے طلبہ و طالبات نے ڈگری نہ ملنے کے خلاف محبوب علی دایو، زین العابدین ، عشا سدھو اور حمنا منظور کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پنجاب کے 39 طلبہ و طالبات 2020-2021 سے میرپورخاص کے رتن آباد کے قریب واقع نجی میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھے جہاں سے وہ 2024-2025 میں گریجویشن بھی مکمل کر چکے ہیں۔ چار سال کے دوران وہ 60 سے 70 لاکھ روپے تک فیس ادا کر چکے ہیں لیکن ڈیڑھ سال گزر جانے کے باوجود انہیں ڈگری جاری نہیں کی جا رہی اور نہ ہی ان کی پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن کرائی گئی ہے ۔ ڈگری نہ ملنے اور پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے وہ ہاؤس جاب بھی نہیں کر پا رہے ۔انہوں نے پی ایم ڈی سی، وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ان کا مسئلہ حل کیا جائے ، بصورت دیگر وہ اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے ۔