ٹریفک حادثات میں کمسن لڑکے سمیت 3افراد جاں بحق

 ٹریفک حادثات میں کمسن لڑکے سمیت 3افراد جاں بحق

لانڈھی میں 7سالہ سعد کو بغیر کنٹینر ٹریلر نے روندڈالا،ڈرائیور گرفتار.مرتضیٰ چورنگی پر کوچ ٹریلر سے ٹکراگئی، 4خواتین سمیت5مسافر زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہر میں ٹریفک حادثات کے دوران کمسن اور نوعمر لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار کمسن لڑکا جاں بحق ہوگیا ۔چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 7 سالہ سعد ولد وقاص کے نام سے کی گئی، حادثہ بغیر کنٹینر لدے ہوئے ٹریلر سے پیش آیا۔ایس ایچ او شرافی گوٹھ امتیاز نیازی نے بتایا کہ پولیس نے ڈرائیور خالد کو گرفتار کر کے ٹریلر کو اپنے قبضے میں لے لیا ۔ کمسن متوفی سعد کے رشتے دار نے بتایا کہ گاڑی والا گڑھے سے بچ رہا تھا کہ اس دوران حادثہ پیش آگیا ، متوفی کے 6 بھائی بہن ہیں۔منگھوپیر مائی گاڑی کے قریب لوڈنگ ٹرک کی ٹکر سے نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جسکی شناخت 15 سالہ ناظم ولد ارشاد کے نام سے کی گئی۔ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے لوڈنگ ٹرک کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ۔کلفٹن بلاک 4 بینظیر پارک کے قریب ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا ،متوفی کی شناخت 60 سالہ عبداللہ کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا۔دریں اثنا لانڈھی مرتضیٰ چورنگی بابر کانٹا کے قریب تیز رفتار مشرق کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرا جس کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 5 مسافر زخمی ہوگئے ۔پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں