ملازمین کی پنشن،واجبات کی عدم ادائیگی پر عدالت برہم
کے ایم سی وٹی ایم سیز اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب، وکیل نے مہلت مانگ لیدو ہفتوں کے اندرادائیگی نہ ہوئی تو اکاؤنٹس منجمد کر دیے جائیں گے ،ریمارکس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی پر میئر کراچی و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کے ایم سی اور ٹی ایم سیز کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لیں۔ سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالتی احکامات کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن ادا نہیں کی گئی جس پر کے ایم سی اور ٹی ایم سی کے اکاؤنٹس منجمد کیے جانے چاہئیں۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کچھ مہلت دی جائے تو درخواست گزاروں کے واجبات ادا کر دیے جائیں گے جس پر عدالت نے یقین دہانی کی بنیاد پر فریقین کو دو ہفتوں کی مہلت دے دی اور واضح کیا کہ مقررہ مدت میں ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں اکاؤنٹس منجمد کر دیے جائیں گے ۔وکیل درخواست گزار عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ نے مئی 2025 میں پنشنری واجبات کی ادائیگی کا حکم دیا تھا اور فنانس ڈپارٹمنٹ کو فنڈز کی کمی پوری کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیکریٹری بلدیات کو ملازمین کی فہرست میئر کو فراہم کرنے اور کے ایم سی کو دو برس تک پنشن کی ادائیگی جاری رکھنے کا حکم دیا گیا تھا۔ وکیل کے مطابق عدالتی احکامات کے باوجود پنشن کی ادائیگی رکی ہوئی ہے ، لہٰذا مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔