بغیر نمبر گاڑی چلانے والوں پر اب مقدمہ ہوگا،آئی جی
بیرون ملک مقیم بھتہ خوروں کے ریڈ وارنٹ مل گئے ، جلد گرفتارکریں گےشادی میں ہوائی فائرنگ پر دلہا کیساتھ والدین بھی گرفتار ہونگے ، جاوید عالم
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ بغیر نمبر گاڑی چلانے والوں کا اب چالان نہیں بلکہ مقدمہ درج ہوگا۔آئی جی نے سائٹ ایسوسی ایشن کا دورہ کیا جہاں تاجر وصنعتکاروں سے امن و امان، ٹریفک مسائل اور صنعتی سرگرمیوں سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پریزیڈنٹ عبد الرحمن فدا، امن و امان کمیٹی ممبر عبدالہادی، ڈی آئی جی ٹریفک ودیگر بھی موجود تھے ۔ آئی جی نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں سے قانون شکنوں کی نشاندہی کی جارہی ،جو بار بار ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کرینگے اور ای چالان کے کیمروں سے بچنے کیلئے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کرینگے ان کیخلاف ایکشن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے 70 فیصد وارداتوں کے کیسز حل ہونے میں مدد ملی ، بھتہ خوری کے واقعات میں کمی آئی ہے ، صرف ڈسٹرکٹ سینٹرل میں چند واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم نامی گرامی بھتہ خوروں کے خلاف گھیرا تنگ کررہے ، ان کے ریڈ وارنٹ مل گئے ،جلد گرفتاریاں عمل میں لائی جائینگی ۔ بھتہ خور گینز کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرینگے ۔ آئی جی نے شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو بھی خبردار کر دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے اب سختی سے نمٹا جائے گا، شادی میں ہوائی فائرنگ ہوئی تو دلہا کے ساتھ اس کے والدین بھی گرفتار ہوں گے ۔علاوہ ازیں آئی جی کی زیر صدارت منشیات وگٹکاماوا مافیاز کے خلاف اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ۔آئی جی سندھ نے ضلعی افسران کو منشیات وگٹکاماوامافیاز کے خلاف کاروائیوں کومزیدسخت وموثربنانے کی ہدایت کی ۔