جائیداد کے تنازع سے متعلق سیکنڈ اپیل مسترد
30سال سے زائد عرصے بعد رجسٹرڈ لیز چیلنج کرنا ناقابل سماعت،عدالت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے لیاری میں جائیداد کے تنازع سے متعلق سیکنڈ اپیل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ دعویٰ نہ تو ملکیت ثابت کرتا ہے اور نہ ہی تاخیرکے اصولوں پر پورا اترتا ہے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ 30 سال سے زائد عرصے بعد رجسٹرڈ لیز کو چیلنج کرنا قانوناً ناقابل سماعت ہے اور محض ضمنی دعوے شامل کرنے سے مقدمے کی نوعیت تبدیل نہیں ہوتی۔ سندھ ہائیکورٹ میں سیکنڈ اپیل کی سماعت جسٹس ثناء اکرم منہاس نے کی، جس میں اپیل کنندہ طالب حسین فریدی نے لیاری کوارٹرز میں واقع پلاٹ پر وراثتی حق کا دعویٰ کیا تھا اور ماتحت عدالتوں کے فیصلوں کو چیلنج کیا تھا۔
ٹرائل کورٹ نے 15 فروری 2023 کو سی پی سی کے آرڈر 7 رول 11 کے تحت درخواست منظور کرتے ہوئے دعویٰ مسترد کر دیا تھا، جبکہ بعد ازاں پہلی اپیلیٹ عدالت نے بھی 16 نومبر 2023 کو اس فیصلے کو برقرار رکھا۔ ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ درخواست گزار یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ مذکورہ جائیداد اس کے والد کی وراثت تھی، جبکہ 1990 میں ہونے والی رجسٹرڈ لیز کو 2022 میں چیلنج کرنا بادی النظر میں قانونِ معیاد کے تحت ناقابل سماعت ہے۔