جناح ایئرپورٹ پر بحرین جانیوالے 21 مسافرآف لوڈ
ورک ویزا سمیت تمام ضروری اور قانونی کاغذات مکمل ہیں،مسافروں کااحتجاج
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)جناح ایئرپورٹ پر بحرین جانیوالے 21 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا، متاثرہ مسافروں کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ورک ویزا سمیت تمام ضروری اور قانونی کاغذات مکمل ہیں۔امیگریشن کے دوران روکے گئے ان مسافروں کا تعلق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے بتایا جاتا ہے ۔متاثرہ مسافروں نے بتایا کہ وہ ورک ویزے پر بحرین جا رہے تھے اور ایئرلائن نے ان کے تمام سفری کاغذات چیک کرنے کے بعد بورڈنگ کارڈز بھی جاری کر دیے تھے ۔ تاہم، امیگریشن کے مرحلے پر ایف آئی اے حکام نے انہیں روک لیا اور ان کے پاسپورٹ قبضے میں لے لیے ۔ایئرپورٹ پر احتجاج کرتے ہوئے متاثرہ مسافروں کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ورک ویزا سمیت تمام ضروری اور قانونی کاغذات مکمل ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے پاسپورٹ چھین کر ہمیں ایک طرف بٹھا دیا ہے اور کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جا رہا ، صرف یہ کہا جا رہا ہے کہ ’’آپ کو جانے نہیں دیا جا سکتا‘‘ لیکن اس کی وجوہات واضح نہیں کی جا رہیں۔مسافروں نے حکام سے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ پرواز نکل جانے کی صورت میں انہیں ٹکٹ کی مد میں ہزاروں روپے کا نقصان ہوگا، جبکہ روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک جانے کی کوششیں بھی متاثر ہوں گی۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو مشتبہ دستاویزات یا ورک پرمٹ کی تصدیق کے عمل کی بنیاد پر روکا گیا ہے۔