سجاول:صوبائی وزیر فشریز کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا
عوام کے فوری ریلیف کیلئے زیرالتوا تمام کام فوری مکمل کئے جائیں، محمد علی ملکانیمختلف علاقوں میں واٹر سپلائی اور پیور بلاک اسکیموں کی جلد تکمیل پربھی زور دیا
سجاول (نامہ نگار)صوبائی وزیر فشریز و لائیو اسٹاک محمد علی خان ملکانی کی زیر صدارت یورپی یونین کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے متعلق متعلقہ افسران کے ساتھ ٹاؤن کمیٹی چوہڑ جمالی میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر التوا اسکیموں کو جلد مکمل کر کے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے بروہی محلہ کی ڈرینج، پوٹھا محلہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی اور پیور بلاک اسکیموں کی جلد تکمیل پر زور دیا۔ صوبائی وزیر محمد علی خان ملکانی نے کہا کہ افسران کو اپنے فرائض کی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے اور ترقیاتی کاموں میں سستی یا رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی اسکیمیں برسوں بعد منظور ہوتی ہیں اگر ان کی مناسب نگرانی نہ کی جائے تو عوامی مسائل میں اضافہ ہوتا ہے ۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں میں تاخیر ختم کر کے انہیں مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے ۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے پی پی ایچ آئی حکام پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اسپتال میں ادویات کی کمی اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے خبردار کیا کہ آئندہ اگر ڈاکٹر غیر حاضر پائے گئے تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ بھی کیا۔