شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

شدید گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

متاثرہ علاقوں میں لائنزایریا، ناظم آباد ،ملیرکھوکھراپار،کیماڑی سمیت متعدد علاقے شاملواٹر پمپ نہ چلنے سے پانی کی فراہمی بھی معطل ،شہریوں کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی )شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جاری شدید گرمی اور حبس کے دوران طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں انتہائی حد تک اضافہ کر دیا۔شہر میں بجلی کی آنکھ مچولی معمول بن چکی جس سے ہزاروں روپے کے بھاری بل ادا کرنے والے صارفین شدید پریشان ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ جن علاقوں کو لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی قرار دیا گیا تھا وہاں بھی بجلی کی مسلسل اور بار بار بندش نے نہ صرف معمولاتِ زندگی بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی متاثر کر رکھا ہے ۔ لائنزایریا، کورنگی،ملیرکھوکھراپار، کیماڑی، کھارادر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد، ناظم آباد اور گلشن اقبال سمیت درجنوں علاقوں میں کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ شہریوں کے صبر کا امتحان لے رہی ہے ۔علاوہ ازیں لیاقت آباد سی ون ایریا، گلبہار، رضویہ اور پاک کالونی کے مکین بھی شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش کے باعث شدید اذیت کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید حبس کے دوران طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی مشکل بنا دی جبکہ بجلی نہ ہونے پر پانی کی فراہمی بھی معطل ہو جاتی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیں اور بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل یقینی بنائیں۔دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے تکنیکی مسائل اور لائن لاسز کو بجلی کی فراہمی میں تعطل کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں