گھوٹکی:پسند کی شادی نہ ہونے پرلڑکی، لڑکے کی مبینہ خودکشی

گھوٹکی:پسند کی شادی نہ ہونے پرلڑکی، لڑکے کی مبینہ خودکشی

پہلے لڑکی پھر دھیرج نے گولیاں کھائیں، محراب پور کا نوجوان نہر میں کودگیااسلام کوٹ کا مولچند درخت سے جھول گیا، رواں سال 54خودکشی واقعات

گھوٹکی، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) گھوٹکی میں پسند کی شادی نہ ہونے پر لڑکی اور لڑکے نے مبینہ خودکشی کرلی، جبکہ محراب پور اور اسلام کوٹ میں بھی 2 واقعات پیش آئے۔ گھوٹکی میں محلہ رحموں والی کی رہائشی نوجوان لڑکی نے مبینہ نشہ آور گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کیا۔ اطلاع ملنے پرعادلپور کے رہائشی نوجوان دھیرج مینگھواڑ نے بھی مبینہ نشہ آور گولیاں کھا لیں، اور وہ بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔ محراب پور میں ناراض نوجوان نے روہڑی کینال میں چھلانگ لگاکر زندگی کا چراغ گل کرلیا، منہڑو پولیس چوکی ذرائع کے مطابق خودکشی کرنے والے نوجوان کی شناخت 19 سالہ حب علی جمالی کے نام سے ہوئی۔ جو گاؤں یوسف جمالی کا رہائشی تھا۔

تھرپارکر کے تعلقہ اسلام کوٹ کے گاؤں کَہڑی میں مولچند ولد روپو کولہی نے درخت سے پھندا لگا کرخودکشی کرلی، پولیس نے لاش اسپتال منتقل کی، جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ واضح رہے کہ تھرپارکر میں بڑھتی غربت، بیروزگاری، بھوک اور گھریلو پریشانیوں نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی، جہاں رواں سال کے دوران 54 افراد نے اپنی جانوں کا خاتمہ کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں مٹھی، اسلام کوٹ، ڈیپلو، نگرپارکر، چھاچھرو، کلوئی اور ڈاہلی میں پیش آنے والے ان تمام واقعات کو خودکشی قرار دے کر ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق 29 مردوں اور 23 خواتین نے درختوں سے پھندا لے کر یا کنوؤں میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا، جبکہ 4 معصوم بچوں کی خودکشی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں