غیررجسٹرڈ نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کاانتباہ

غیررجسٹرڈ نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کاانتباہ

رجسٹریشن کے بغیر داخلے اور کلاسز شروع کرنے پر پابندی ہے ،رفیعہ جاوید الگ واش رومز اور محفوظ ماحول ضروری ، ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں بغیر رجسٹریشن نجی اسکول چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ جاری کر دیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ رفیعہ جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ رجسٹریشن کے بغیر داخلے اور کلاسز شروع کرنے پر پابندی عائد ہے ۔رفیعہ جاوید نے کہا کہ غیر محفوظ اور غیر معیاری اسکول عمارتوں پر سخت تشویش ہے ، نجی اسکول کھولنے سے قبل پیشگی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے ۔غیر رجسٹرڈ اسکولوں کی بندش اور جرمانوں کا امکان ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ طلبہ کی حفاظت، فائر سیفٹی اور صاف پانی کے انتظامات لازمی ہیں، سندھ حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کیلئے نئی ہدایات جاری کر دیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کے مطابق بغیر اجازت اسکول چلانا قانون کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

نجی اسکولوں کیلئے الگ واش رومز اور محفوظ ماحول ضروری ہے ، تعلیمی سرگرمیوں سے قبل رجسٹریشن لازمی حاصل کی جائے ۔بیان میں کہا گیا کہ یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ اسکولوں کی عمارتیں ناکافی، غیر محفوظ یا تعلیمی مقاصد کے لیے غیر موزوں ہیں اور نجی تعلیمی ادارے کے قیام کے لیے مقرر کردہ معیار پر پوری نہیں اترتیں۔ طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات یا تو ناکافی ہیں یا قابل قبول تعلیمی اور حفاظتی معیار سے کم تر ہیں۔ ایسی غیر مجاز اور غیر معیاری سرگرمیاں طلبہ کی حفاظت، تعلیمی معیار اور نجی تعلیمی اداروں سے متعلق قوانین و قواعد کی مجموعی پابندی کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں