وکیل کے قتل کے ملزم کی ضمانت ،ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی نے سولجر بازار میں ایڈووکیٹ ملک ناصر کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزم محسن حبیب کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
وکیل صفائی عامر جمیل ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ضمنی چالان اور ازسرنو تفتیشی رپورٹ میں ملزم کو سی ڈی آر کی بنیاد پر بے گناہ قرار دیا گیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ عدالتی حکم پر ہونے والی دوبارہ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ سی ڈی آر کے مطابق ملزم وقوعہ کے مقام پر موجود نہیں تھا، جس سے وکیل صفائی کے مؤقف پر معقول شک پیدا ہوتا ہے ۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ وہ تفتیشی افسر کی رائے کی پابند نہیں ہوتی تاہم ضمنی چالان میں ملزم کی بریت درخواست ضمانت دائر کرنے کے لیے مناسب بنیاد فراہم کرتی ہے ۔ عدالت کے مطابق سی ڈی آر اور دیگر شواہد کی روشنی میں مقدمہ مزید تفتیش کا متقاضی بنتا ہے ۔ آئین کے آرٹیکل 9 کے تحت شہری کی آزادی کا تحفظ لازم ہے۔