لاپتہ شہری سے متعلق آئی جی سندھ، محکمہ داخلہ اور دیگر سے رپورٹ طلب

لاپتہ شہری سے متعلق آئی جی سندھ، محکمہ داخلہ اور دیگر سے رپورٹ طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں بہاول پور سے کراچی ملازمت کے لیے آنے والے نوجوان کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جہاں لاپتہ شہری کی بزرگ والدہ اور بھائی عدالت میں پیش ہوئے۔

 عدالت نے آئی جی سندھ، محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر متعلقہ حکام سے 4 جون تک رپورٹ طلب کرلی۔ سماعت کے دوران لاپتہ شہری کے بھائی نے عدالت کو بتایا کہ محمد اعجاز بہاول پور سے کراچی آیا تھا اور اس نے ایک نجی ٹیکسٹائل کمپنی میں ملازمت شروع کی تھی۔ ان کے مطابق محمد اعجاز کورنگی کراسنگ پر اپنے رشتے داروں سے ملنے آیا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہوگیا۔ بھائی نے مؤقف اختیار کیا کہ لاپتہ شہری کا موبائل فون اور دیگر سامان اس شخص سے ملا ہے جس سے وہ ملاقات کے لیے گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ رشتے دار نے یہ کہا کہ محمد اعجاز عبداللہ شاہ غازی کے مزار گیا تھا، تاہم اس کے بعد اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ درخواست گزار کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس تعاون نہیں کررہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں