مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان

مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان

بی آر ٹی منصوبے کے تحت نیپا کے قریب پائپ منتقلی کیلئے شٹ ڈاؤن کیا جائیگاگلشنِ اقبال، صدر، لیاری اور سائٹ ایریا میں گیس بندش اور کم پریشر کا امکان

کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی میں بی آر ٹی منصوبے کے تحت انفرااسٹرکچر اپ گریڈیشن کے باعث گیس فراہمی میں عارضی تعطل کا اعلان کر دیا گیا ۔ایس ایس جی سی میڈیا الرٹ کے مطابق نیپا فلائی اوور کے قریب بی آر ٹی روٹ پر ہائی پریشر گیس پائپ لائن کی لوئرنگ کے دوسرے مرحلے کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق 20 انچ قطر کی اہم گیس پائپ لائن کو نیچے منتقل کرنے کی درخواست پر ہفتہ اور اتوار (23 اور 24 مئی 2026)کی درمیانی شب کیاجائے گا ۔واضح رہے کہ یہ سرگرمی رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک جاری رہنے والے شیڈولڈ شٹ ڈاؤن کے دوران مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

تاہم تکنیکی نوعیت کے باعث کام میں توسیع کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ،جسکے تحت مرمتی کام صبح 8 بجے تک جاری رہ سکتا ہے ۔ایس ایس جی سی کے مطابق اس دوران آغا خان اسپتال، لیاقت نیشنل اسپتال سمیت اہم اداروں کو بھی گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔اسکے علاوہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گیس کے کم پریشر کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ دوسری جانب متاثرہ رہائشی علاقوں میں گلشنِ اقبال کے تمام بلاکس، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، لائنز ایریا،پی ایچ ایس سوسائٹی، صدر، کھارادر کے بعض حصے ، لیاری، گارڈن اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، جہاں صارفین کو رات کے اوقات میں گیس کی بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں