میرپورخاص :جرواری شاخ بند، فراہمی آب متاثر ہونے کا خدشہ
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) محکمہ ایری گیشن کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے پہلے روز جرواری شاخ مائنر نہر میں پانی کی فراہمی بند کیے جانے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جرواری شاخ مائنر نہر کی بندش کے سبب شہر کے مختلف واٹر سپلائی سسٹمز، واٹر سپلائی لائنز، بوسٹنگ اسٹیشنز، دیواچند گارڈن واٹر سپلائی بوسٹنگ اسٹیشن اور سیٹلائٹ ٹاؤن واٹر سپلائی بوسٹنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی متاثر ہوگی۔ نہر میں پانی بند ہونے کے باعث شہریوں کو معمول کے مطابق پانی کی فراہمی ممکن نہیں رہے گی، لہٰذا عارضی طور پر ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن پانی کی سپلائی کی جائے گی۔ میونسپل کارپوریشن میرپورخاص نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال میں تعاون اور صبر کا مظاہرہ کریں۔ کارپوریشن کے مطابق جیسے ہی پانی کی فراہمی بحال ہوگی، شہر میں پانی کی سپلائی بھی معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔