جناح اسپتال میں حکومتی دعوے دفن ہوگئے ،سرداررحیم

جناح اسپتال میں حکومتی دعوے دفن ہوگئے ،سرداررحیم

کراچی (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبد الرحیم نے کہا ہے کہ جناح اسپتال میں انسانیت تڑپتی رہی اور سندھ حکومت کے دعوے دفن ہوتے رہے۔

ایک مجبور خاتون نے اسپتال کے واش روم میں بچے کو جنم دیا، کیونکہ وہاں موجود بے حس ڈاکٹرز اور عملے نے بروقت توجہ دینا بھی ضروری نہ سمجھا۔یہ صرف غفلت نہیں، یہ غریب عوام کے ساتھ ظلم، نااہلی اور انسانیت کا قتل ہے ۔سندھ حکومت روز جھوٹے دعوے کرتی ہے کہ اسپتالوں میں عالمی معیار کی سہولیات موجود ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ غریب عوام علاج کے لیے دربدر اور زندگی بچانے کے لیے ترس رہے ہیں۔جناح جیسے بڑے اسپتال کی یہ حالت ہے تو باقی سندھ کے اسپتالوں کا اندازہ خود لگایا جا سکتا ہے ۔اربوں روپے کے بجٹ کہاں جا رہے ہیں؟کون کھا رہا ہے عوام کا حق؟کیوں غریب عورتیں اسپتالوں کے واش رومز میں بچے پیدا کرنے پر مجبور ہیں؟دوسری طرف وزرا، ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز اور حکمران طبقہ اپنے علاج کے لیے دبئی، لندن اور امریکہ بھاگ جاتا ہے ، کیونکہ انہیں خود اپنے نظام پر اعتماد نہیں۔یہ ویڈیوز صرف ایک واقعہ نہیں، بلکہ سندھ کے تباہ حال نظامِ صحت کی زندہ تصویر ہیں۔اگر آج بھی عوام خاموش رہے تو کل ہر غریب ماں، ہر بیمار بچہ اور ہر مجبور خاندان اسی بے حسی کا شکار ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں