عید آپریشن:1لاکھ 42ہزار ٹن سے زائد آلائشیں دفن
مئیر مرتضیٰ وہاب اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی نگرانی میں 99کلیکشن پوائنٹس کلیئرجراثیم کش اسپرے ، گندگی پھیلانے پر متعدد افراد گرفتار ، ایف آئی آر درج
کراچی(اسٹاف رپورٹر )مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب اور ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے عیدالاضحی کے دوران شہر کے تمام اضلاع کے دورے کئے ۔ انہوں نے آلائشیں اٹھانے اور دیگر انتظامات کاجائزہ لیا۔بوہری کمیونٹی کی عید سمیت چارروز سے علاقوں اور کلیکشن پوائنٹس سے آلائشوں کی لینڈ فل سائٹ منتقلی، چونے کا چھڑکاؤ، جراثیم کش ادویات کا اسپرے و دیگر انتظامات کی خود نگرانی کی۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت عیدالاضحی آپریشن کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 142ہزار816ٹن سے زائد آلائشیں لینڈ فل سائٹ اور جی ٹی ایس شرافی کی خندقوں میں دفن کی گئیں، آلائش ٹوٹل 64122ٹن، کچرا و جانوروں کی باقیات78694ٹن لینڈ فل سائٹ منتقلی یقینی بنائی گئی۔آلائشوں کو دفن کرنے کے لئے لینڈ فل سائٹ اور جی ٹی ایس شرافی پر 9 خندقیں بنائی گئیں تھی۔
جبکہ آلائشوں کو جمع کرنے کے لئے ٹوٹل 99 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے تھے ۔ دیگر تفصیلات میں شہرکی بڑی شاہراہوں کو عرق گلاب کے پانی سے دھویا گیا ہے تاکہ بدبو اور آلودگی کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے اس کے علاوہ جراثیم کش ادویات کا اسپرے ،چونے کاچھڑکاؤ اور فیومیگیشن بھی جاری ہے ۔ تمام کلیکشن پوائنٹس کو رات تک کلیئر کرکے چونے کا چھڑکاؤ اور اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیں آلائشیں چیڑپھاڑ کرنے اور گندگی پھیلانے پر متعدد افراد کو اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کر ادی گئی ہے ۔