ہرجانے کے خلاف پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اپیل منظور
سنگل بینچ کا 5کروڑ روپے ہرجانے کا فیصلہ کالعدم قرار،دعویٰ خارجفیصلہ قانونی اصولوں کے بجائے ہمدردانہ بنیادوں پر دیا گیا تھا،ہائیکورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق اکاؤنٹنٹ مرزا امتیاز بیگ کی برطرفی پر ہرجانے کے فیصلے کے خلاف پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اپیل منظور کرلی۔ عدالت نے سنگل بینچ کا 5 کروڑ روپے ہرجانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے دعویٰ خارج کردیا۔سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سابق اکاؤنٹنٹ مرزا امتیاز بیگ کو ہرجانہ دینے کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی سماعت ہوئی۔ دعویٰ کنندہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مرزا امتیاز بیگ کو 2009 میں شوکاز نوٹس اور سنے جانے کا موقع دیے بغیر ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق اکاؤنٹنٹ پر فنڈز میں خردبرد اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات تھے ، متعدد بار وضاحت طلب کی گئی اور کارکردگی کی بنیاد پر برطرف کیا گیا۔
وکیل کے مطابق برطرف ملازم کو ایک سال کی پیشگی تنخواہ بطور معاوضہ بھی ادا کی گئی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ دعویٰ کنندہ کے خلاف بے ضابطگیوں اور فنڈز میں خردبرد سے متعلق خطوط ریکارڈ پر موجود ہیں۔ عدالت نے کہا کہ سنگل بینچ کا فیصلہ قانونی اصولوں کے بجائے ہمدردانہ بنیادوں پر دیا گیا تھا جبکہ صرف زبانی دعوؤں کی بنیاد پر ذہنی اذیت یا ساکھ متاثر ہونے کا دعویٰ تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اپیل منظور کرتے ہوئے سنگل بینچ کا 5 کروڑ روپے ہرجانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور دعویٰ خارج کردیا۔