ای بائیکس کی خریداری میں مبینہ کرپشن: ڈائریکٹر فنانس، ورکس اور ویلفیئر کے خلاف انکوائری کمیٹی کی کارروائی معطل
سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے خلاف درخواست گزاروں کے خلاف تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا گیا بادی النظر میں محکمہ لیبر کی جانب سے بیرونی انکوائری کمیٹی کا قیام قانونی دائرہ اختیار سے تجاوز معلوم ہوتا ہے ،عدالت کے ریمارکس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر سول جج جنوبی کی عدالت نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں ای بائیکس کی خریداری میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے خلاف درخواست پر ڈائریکٹر فنانس، ورکس اور ویلفیئر کے خلاف انکوائری کمیٹی کی کارروائی معطل کردی۔ عدالت نے حکام کو درخواست گزاروں عبدالباسط بلو اور دیگر ڈائریکٹرز کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے بھی روک دیا ہے ۔ سینئر سول جج جنوبی کی عدالت میں سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ میں ای بائیکس کی خریداری سمیت مالی معاملات کی تحقیقات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ، سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ 2014 اور سروس رولز 2021 کے تحت قائم ایک خودمختار ادارہ ہے جبکہ محکمہ لیبر نے ای بائیکس کی خریداری سمیت مالی معاملات کی تحقیقات کے لیے ایکسٹرنل انکوائری کمیٹی قائم کی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ گورنمنٹ رولز آف بزنس 1986 کے تحت سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ محکمہ لیبر کا ذیلی ادارہ نہیں، اس لیے محکمہ براہ راست تادیبی یا انتظامی اختیار استعمال نہیں کرسکتا۔
درخواست گزاروں کے مطابق کسی بھی انکوائری یا محکمانہ کارروائی کے لیے سروس رولز 2021 کے تحت مقررہ اتھارٹی ہی مجاز ہے ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ بادی النظر میں سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ ایک خودمختار ادارہ ہے اور محکمہ لیبر کی جانب سے بیرونی انکوائری کمیٹی کا قیام قانونی دائرہ اختیار سے تجاوز معلوم ہوتا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ اگر متوازی انکوائری جاری رہی تو درخواست گزاروں کو ناقابل تلافی پیشہ ورانہ نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ عدالت نے بیرونی انکوائری کمیٹی کے نوٹیفکیشن اور نوٹسز معطل کرتے ہوئے قرار دیا کہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے مجاز حکام قانون کے مطابق داخلی انکوائری یا محکمانہ کارروائی کرسکتے ہیں۔ عدالت نے ڈائریکٹر فنانس، ورکس اور ویلفیئر کے خلاف انکوائری کمیٹی کی کارروائی معطل کرتے ہوئے حکام کو درخواست گزاروں کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا۔عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 5 جون 2026 تک ملتوی کردی۔