رواں سال خونی حادثات میں اموات 480ہوگئیں
جاں بحق ہونے والوں میں 369مرد ، 55خواتین ، 56بچے اور بچیاں شامل ٹریفک حادثات کے دوران مجموعی طور پر 5ہزار 747افراد زخمی بھی ہوئے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر میں ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا خونی حادثات تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے ، رواں سال میں اب تک ٹریفک حادثات مین 480 شہری جاں بحق جبکہ 5 ہزار 747 زخمی ہوگئے ۔ شہر قائد میں رواں سال کے دوران جان لیوا خونی ٹریفک حادثات کے حوالے سے چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان شاہد چوہدری کے جانب سے جاری اعداد شمار کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک مجموعی طور پر 480 افراد جاں بحق ہوگئے جس میں 369 مرد ، 55 خواتین ، 43 بچے اور 13 بچیاں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک حادثات کے دوران مجموعی طور پر 5 ہزار 747 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں 4 ہزار 358 مرد ، ایک ہزار کے قریب خواتین ، 290 بچے اور 98 بچیاں شامل ہیں۔ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے جان لیوا خونی حادثات میں مجموعی طور پر 154 افراد جس میں سب سے زیادہ 73 ٹریفک حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے جبکہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 41 افراد ابدی نیند سو گئے ، بس کی ٹکر سے 17 افراد ، مزاد کی ٹکر سے 15 افراد جبکہ ڈمپر کی ٹکر سے 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ادھر کراچی ٹریفک پولیس اور سندھ حکومت کی جانب سے متعدد بار دعوے کیے جاچکے ہیں کہ شہر میں آن لائن چالان کا سسٹم شروع ہونے کے بعد سے ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہوئی ہے ۔