کورنگی بلال کالونی کے قریب ٹرک نے10سالہ راہگیر بچے کو کچل دیا

 کورنگی بلال کالونی کے قریب ٹرک نے10سالہ راہگیر بچے کو کچل دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات 4 افراد جاں بحق، 3 زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں کمی نہ آسکی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ جوہر موڑ پل کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 22 سالہ محمد اکرم جاں بحق جبکہ 30 سالہ عبدالشکور زخمی ہوگیا، جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھر ڈیفنس فیز فائیو میں شہباز سگنل کے قریب کار اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور اور ایک مسافر زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں 22 سالہ کلو ولد فدا حسین شامل ہے ، جبکہ دوسرے زخمی کی شناخت نہ ہوسکی۔ دونوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ نارتھ کراچی میں سلیم سینٹر، شیل پمپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک 27 سالہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ ادھر کورنگی کی بلال کالونی میں مرتضیٰ چوک کے قریب ٹرک کی زد میں آکر 10 سالہ راہگیر بچہ صدیق حسین ولد صدام حسین جاں بحق ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں