حکمران رسول بخش پلیجو کی قبر سے بھی خوفزدہ ،نور کاتیار

حکمران رسول بخش پلیجو کی قبر سے بھی خوفزدہ ،نور کاتیار

ٹھٹھہ پولیس نے برسی کے جلسے کے موقع پر گراؤنڈ، مزار پر زبردستی قبضہ کرلیا اعلیٰ حکام واقعہ کی تحقیقات، گراؤنڈ اور مزار پر سے قبضہ ختم کرائیں، پریس کانفرنس

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار نے کہا ہے کہ حکمران رسول بخش پلیجو کی قبر سے بھی خوف زدہ ہیں، ٹھٹھہ پولیس نے دیگر اہلکاروں کی سرپرستی میں 15سے 20 افراد کے ہمراہ آٹھویں برسی کے جلسہ عام کے موقع پر دیوار توڑ کر گراؤنڈ اور رسول بخش پلیجو کے مزار پر زبردستی قبضہ کرلیا جس کی شدید الفاظ میں مذمت اور قبضہ فوری خالی کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وہ حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے ۔ اس موقع پر ستار رند ایڈووکیٹ، راحیل بھٹو، حسنہ راہوجو، افشین اور عبد القادر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ نور احمد کاتیار نے مزید کہاکہ حکمران عوامی تحریک کی مہنگائی، 28 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سندھ کو تقسیم کرنے ، خواتین کے بے گناہ قتل اور منشیات سمیت دیگر مسائل پر آواز اٹھانے پر انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا منگر خان پلیجو میں قائم رسول بخش پلیجو کے مزار کی جگہ ان کے دادا کی آبائی اراضی ہے ، لیکن اس پر برسی کا عوامی جلسہ دیکھ کر اچانک زمین کے وارث پیدا ہوگئے ہیں جس کا ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ٹھٹھہ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرنے میں حیلے بہانوں سے کام لیا اور ہمارے ہی لوگوں کے خلاف ہی جھوٹا کیس داخل کردیا گیا، ایسا محسوس ہوتا ہے سندھ حکومت اس عمل کے ذریعے خونریزی کرانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے واقعہ کی شفاف تحقیقات کرانے ، گراؤنڈ اور رسول بخش پلیجو کے مزار پر قبضہ فوری ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں