صوبھو ڈیرو:انصاف کیلئے دھکے کھانے والے کو موت مل گئی

صوبھو ڈیرو:انصاف کیلئے دھکے کھانے والے کو موت مل گئی

زاہد لاڑک گھر پرقبضے کیخلاف اداروں کے چکر کاٹتا رہا، حادثے میں جان سے گیاٹنڈو آدم میں گھر میں مزدوری کرتے کرنٹ لگنے سے نوجوان فرقان جاں بحق

صوبھو ڈیرو، ٹنڈو آدم (نمائندگان دنیا)صوبھو ڈیرو میں انصاف کے متلاشی کو انصاف کے بجائے موت مل گئی، جبکہ ٹنڈو آدم میں کرنٹ لگنے سے مزدور جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبھو ڈیرو میں انصاف کے لئے اداروں کے دروازوں کے چکر کاٹتے کاٹتے 45 سالہ شخص راستے میں مبینہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق بااثر شخص کی جانب سے مکان پر زبردستی قبضے کی کوشش کے خلاف درازا شریف کا رہائشی 45 سالہ شخص زاہد لاڑک مقامی معززین کے ساتھ تھانے کے چکر کاٹتے ہوئے قومی شاہراہ باب سچل سرمست کے قریب مبینہ حادثے میں شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی کو گمس اسپتال منتقل کردیا، جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ فوت ہوگیا پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔ جبکہ حادثے کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب ٹنڈوآدم کی گلزار کالونی میں گھر کے اندر گرینڈر مشین سے کام کرنے کے دوران کرنٹ لگنے کے باعث 22سالہ فرقان ملک موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، ورثاء فرقان کو اسپتال لے کر پہنچے تو ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی، لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں